وزیر اعلیٰ کو فرضی رپورٹنگ : کینال روڈ پر بیوٹیفکیشن کی جعلی تصاویر ارسال

 وزیر اعلیٰ کو فرضی رپورٹنگ :  کینال روڈ پر بیوٹیفکیشن کی جعلی تصاویر ارسال

انتظامیہ کا نہر کنارے ایک کلو میٹر سے بھی کم جگہ پر لائٹیں لگا کرلاہورکینال طرز پر لائٹنگ کا تاثر ،تصاویر بھجوانے کے اگلے روز ہی عبداللہ پور آبشار اورلائٹیں بند

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )فیصل آباد سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو فرضی رپورٹنگ کیے جانے کا انکشاف،وزیر اعلیٰ نے ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے بھجوائی گئی بیوٹیفکیشن کی تصاویر بھی اپنے آفیشنل اکائونٹ سے اپلوڈ کردیں، کینال روڈ پر مخصوص ٹکڑے پر ٹائلز لگا کر پورے فٹ پاتھ کو بدلنے کا تاثر دیا گیا ،نہر کنارے ایک کلو میٹر سے بھی کم جگہ پر لائٹیں لگا کر لاہور کی طرز پر کینال لائٹنگ کا تاثر دیا گیا ،عبداللہ پور آبشار چلا کر ڈرون سے تصویر بھیجی گئی اور اگلے ہی روز آبشار اور لائٹنگ بند ہوگئی تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اس وقت تیزی سے ترقیاتی کام کروانا چاہ رہی ہیں۔

پنجاب حکومت کی جانب سے شہروں اور دیہاتوں کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے کروڑوں روپے کے بیوٹیفکیشن پراجیکٹس بھی کروائے جارہے ہیں لیکن ڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد وزیر اعلیٰ کے ویژن کو ناکام بنانے میں لگی ہوئی ہے ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن کے منصوبوں کے نام پر فرضی رپورٹنگ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے انتظامیہ کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو مختلف تصاویر بھیجی گئیں جو وزیر اعلی ٰکے آفیشل اکائونٹ سے اپلوڈ بھی کردی گئیں مگر ان تصاویر کی حقیقت کچھ اور ہے وزیر اعلیٰ کو تاثر دیا گیا کہ لاہور کی طرز پر فیصل آباد میں کینال روڈ پر لائٹنگ کردی گئی ہے اور اب کینال روڈ انتہائی دلکش لگتا ہے لیکن حقیقت میں چند ہزار روپے کی لائٹیں ایک کلومیٹر سے بھی کم ایریا میں لگائی گئیں۔

اسی طرح فٹ پاتھ پر مختلف رنگوں کی ٹائلز کی تصاویر بھیج کر بھی یہ تشہیر کی گئی کہ کینال روڈ فٹ پاتھ کو خوبصورت بنایا جارہا ہے مگر حقیقت میں یہ خوبصورتی صرف ٹٹھہ پل سے عبداللہ پور انڈر پاس کے مخصوص ٹکڑے تک محدود ہے ۔ عبداللہ پور آبشار میں پانی چلا کر رنگ برنگی لائٹیں لگائی گئیں اور تصویر وزیر اعلیٰ مریم نواز کو بھیج دی گئی جو وزیر اعلیٰ کے آفیشل فیس بک پیج پر اپلوڈ بھی ہوگئی مگر تصویر لگنے کے اگلے ہی روز آبشار بھی بند نظر آئی اور لائٹیں بھی بند ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی ٰمریم نواز کو تصویر کا صرف ایک رخ دکھایا جارہا ہے جبکہ ان تصاویر کی حقیقت کچھ اور ہے ۔ معاملے سے متعلق موقف کیلئے ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ابھی کام مکمل نہیں ہوئے شہریوں کو مزید تحفے دئیے جائینگے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں