پوسٹ گریجوایٹ انسٹیٹیوٹ میں 3 سالہ کنٹریکٹ پر تعیناتیوں کو بوگس بنیادوں پر جاری رکھنے کا انکشاف

 پوسٹ گریجوایٹ انسٹیٹیوٹ میں 3 سالہ کنٹریکٹ پر تعیناتیوں کو بوگس بنیادوں پر جاری رکھنے کا انکشاف

ڈیوٹی کرنیوالے 5ملازمین کی جانب سے مستقل بنیادوں پر ملازمت کیلئے عدالت عالیہ سے رجوع کرنے پر معاملہ بے نقاب ،سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے محکمانہ انکوائری کامراسلہ جاری کردیا

فیصل آباد (عاطف صدیق کاہلوں )پوسٹ گریجوایٹ انسٹیٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز میں 3 سالہ کنٹریکٹ پر تعیناتیوں کو عرصہ ملازمت ختم ہونے کے بعد بھی بوگس بنیادوں پر جاری رکھنے کا انکشاف ہوا ہے ، یہ انکشاف تب ہوا جب ڈیوٹی کرنیوالے 5 ملازمین نے مستقل بنیادوں پر ملازمت کیلئے عدالت عالیہ سے رجوع کر لیا جسکے بعد سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے محکمانہ انکوائری کا مراسلہ جاری کردیا ۔ مراسلہ کے مطابق مالی سال 2016-2017 میں محکمہ ہیلتھ نے 3سالہ کنٹریکٹ پراسامیوں کا اشتہاری جاری کیا ،5ملازمین کی تعیناتیاں کی گئیں۔جنریٹر آپریٹر کی سیٹ پر حسن یوسف اور آصف جاوید جبکہ ٹیوب ویل آپریٹر کیلئے نسیم حیدر اور آصف صفدر کو 3 سالہ عارضی بنیاد پر تعینات کیا گیا۔

اسی طرح کمپیوٹر ٹیکنیشین کی اسامی پر طاہر ابوبکر کو پنجاب پبلک سروس کمیشن امتحان کے بعد ڈیوٹی سونپی گئی ،تعیناتی کا 3 سالہ عرصہ ختم ہونے پرمحکمہ نے عرصہ ملازمت ختم کر دیا ،ادارے نے کنٹریکٹ ملازمین میں سے حسن یوسف کو ٹرمینیٹ کر دیا باقی 3کو دوسری سیٹوں پر ملازمت ظاہر کرتے ہوئے جاری رکھنے کی اجازت دیدی گئی۔طاہر ابوبکر کو بھی مستقل نہ کیا جا سکا ، ملازمت سے نکالے گئے جنریٹر آپریٹر حسن یوسف نے دیگر ملازمین سمیت قانونی چارہ جوئی کا آغاز کرکے عدالت میں رٹ دائر کر دی جبکہ مراسلہ کے مطابق محکمہ ہیلتھ کی جانب سے اس ساری صورتحال کی وجہ صرف غیر قانونی طور پر بے ترتیب تعیناتیوں کو قرار دیا گیا ہے۔

اس بارے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ انسٹیٹیوٹ آف و دیگر انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہراکر محکمانہ انکوائری کا حکم بھی دیدیا گیا ہے جسکی رپورٹ سپیشل سیکرٹری ہیلتھ آپریشنز کی 60 دن کے اندر بھجوانی ہوگی ، مراسلہ میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ کنٹریکٹ ملازمین کا عرصہ ملازمت 2019 میں ختم ہو چکا تھا جو بعد ازاں غیر قانونی طور پر دیگر سیٹوں پر ڈیوٹی کرتے رہے جنہیں محکمہ پالیسی کے مطابق مستقل نہیں کیا جا سکتا تاہم مراسلہ میں پی سی ایس امتحان کے ذریعہ کمپیوٹر ٹیکنیشین کی ملازمت حاصل کرنے والے طاہر ابوبکر کو مستقل نہ کرنے پر باز پرس کی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں