چلڈرن ہسپتال :مغوی بچی بازیاب ، اغوا کار خاتون گرفتار
گوجرہ کی ذونیشاء کو والدین علاج کیلئے لائے ،ملزمہ حفیظاں نے اغواکرلیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)چلڈرن ہسپتال سے گزشتہ روز اغواء ہونے والی دو ماہ کی ذونیشاء کو پولیس نے 24 گھنٹے کے اندر بازیاب کرا لیا، جبکہ اغوا کار خاتون حفیظاں بی بی کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق گوجرہ کی رہائشی ذونیشاء کو والدین علاج کے لیے ہسپتال لائے ہوئے تھے کہ ملزمہ نے والدہ کائنات سے باتوں میں دوستی ظاہر کر کے بچی کو اغواء کیا۔ پولیس نے فوری طور پر واقعہ کا مقدمہ درج کر کے خصوصی ٹیم تشکیل دی اور ہسپتال کے ساتھ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمہ کی تلاش شروع کی۔
ملزمہ کو مظفر آباد کے علاقے سے گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے ذونیشاء کو بازیاب کروا لیا گیا۔ آر پی او سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر نے ٹاؤن ایس پی سعید احمد اور ان کی ٹیم کی اعلیٰ کارکردگی کی تعریف کی۔ بازیاب ہونے والی بچی کو والدین کے حوالے کیا گیا، جنہوں نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔