2026 یوتھ کا سال، خواتین کو بااختیار بنا ر ہے ہیں: مریم نواز
لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ 2026 پنجاب میں یوتھ کا سال ہے ، صوبائی حکومت خواتین کو با اختیار بنا رہی ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں کھیلتا پنجاب پنک گیمز کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے، خواتین ہرمیدان میں کامیابی کےجھنڈے گاڑھ رہی ہیں، عورت جنگ بھی لڑ سکتی ہے، جہاز بھی اڑا سکتی ہے، سیاستدان بھی بن سکتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں اتنا ٹیلنٹ موجود ہےکہ یہ میدان چھوٹا پڑ گیا ہے، حکومت کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، 2026کو نوجوانوں کا سال قراردیا گیا ہے، لاہوریوں نے بسنت کے تین دنوں قانون کو فالو کرنے کے ریکارڈ قائم کیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کوئی کہے کہ خواتین کا کام گھر سے باہر نکلنا نہیں، اِس پر کان مت دھرنا، خواتین گھر کا کام بھی کرتی ہیں اور باہر سے بھی جیت کر آتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان میں امن و امان اور استحکام پورے پاکستان کی ترجیح ہے: مریم نواز
مریم نواز نے کہا کہ عورت پولیس فورس بھی چلا سکتی ہے، معیشت بھی چلا سکتی ہے، عورت جنگ بھی لڑ سکتی ہے اور جہاز بھی اڑا سکتی ہے، خاتون وزیراعلیٰ بھی بن سکتی ہے اور مردوں کو ٹف ٹائم بھی دے سکتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہونہار سکالر شپ پروگرام میں طلبہ کا 60 فیصد کوٹہ ہے، عورتوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے، زیادتی کیس میں 72 فیصد کمی آئی، پنجاب میں خواتین کےخلاف جرائم کی شرح انتہائی کم ہو گئی ہے، پنجاب حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بسنت کے دوران ایک موٹرسایئکل نظر نہیں آئی جس نے راڈ نہ لگایا ہو، پنک گیمز میں تمام شرکا کو 2 کروڑ روپے بطور انعام دے رہی ہوں، 2026 کو نوجوانوں کا سال قرار دیا ہے، کون کہتا ہے پاکستان کے لوگ قانون پر عمل درآمد نہیں کرتے؟
مریم نواز نے کہا ہے کہ لاہوریوں نے بسنت کے3 دنوں میں قانون کو فالو کرنے کے ریکارڈ قائم کیے جب کہ صبح 5 بجے وقت ختم ہونے کے بعد ایک پتنگ آسمان پر نظر نہیں آئی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ لاہوریوں نے ہر لحاظ سے قانون پر عملدرآمد کیا، پنجاب کےعوام کوخوشیوں کے مواقع فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے، میرا کام سڑکیں بنانا نہیں مگر وہ بھی بنا رہی ہوں، چاہتی ہوں بیٹیاں کھیل کے مقابلوں میں بیٹوں کوٹف ٹائم دیں۔