ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان نے اہم اور مثبت کردار ادا کیا: امریکی نائب صدر
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں پاکستان نے اہم اور مثبت کردار ادا کیا۔
ایک بیان میں جے ڈی وینس نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور شہباز شریف کو خاص کریڈٹ دینا چاہتے ہیں، جنہوں نے بطور میزبان غیر معمولی صلاحیت اور قائدانہ کردار کا مظاہرہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کی ریاستی بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت کو ممکن بنانے میں مدد دی، جو ایک طویل عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات نہیں کر رہے تھے۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی اور سفارتی کوششوں نے دونوں ممالک کو ایک میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا، جس سے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی سطح پر پاکستان کے اس کردار کو ایک بڑی سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف پاکستان کی اہمیت میں اضافہ ہوا بلکہ خطے میں امن کی نئی راہیں بھی کھل سکتی ہیں۔