عدالتوں میں ٹیکس کیسز کا انبار، 5457 ارب روپے سے زائد رقم التوا کا شکار
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر کی عدالتوں اور اپیلٹ ٹریبونلز میں ٹیکس سے متعلق کیسز کی بڑی تعداد التوا کا شکار ہے، جن میں مجموعی طور پر 5 ہزار 457 ارب روپے سے زائد رقم پھنسی ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران زیرالتوا ٹیکس کیسز میں 30 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے، جبکہ ان کیسز کا حجم 3760 ارب روپے سے بڑھ کر 5457 ارب روپے تک جا پہنچا ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو ان کیسز میں پھنسی رقم وصول کرنے میں تاحال ناکام رہا ہے۔
شہباز شریف نے عدالتوں اور اپیلٹ ٹریبونلز میں زیرالتوا ٹیکس کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے جلد سماعت کے لیے لائحہ عمل پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔
دستاویزات کے مطابق اپیلٹ ٹریبونلز میں التوا کا شکار ٹیکس کیسز کی مالیت 3330 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، جبکہ سپریم کورٹ میں 3277 کیسز میں 169 ارب روپے سے زائد رقم پھنسی ہوئی ہے۔
مزید برآں اسلام آباد ہائیکورٹ میں 1979 کیسز میں 482 ارب روپے، جبکہ لاہور ہائیکورٹ میں سب سے زیادہ 7 ہزار 490 کیسز میں 963 ارب روپے التوا کا شکار ہیں۔
اسی طرح سندھ ہائیکورٹ میں 2081 کیسز میں 480 ارب روپے، پشاور ہائیکورٹ میں 241 کیسز میں 27 ارب روپے، جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ میں 37 کیسز میں 6 ارب روپے کے ٹیکس معاملات زیرالتوا ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق مختلف عدالتوں میں مجموعی طور پر 11 ہزار 938 ٹیکس کیسز میں تقریباً 1958 ارب روپے کی رقم پھنسی ہوئی ہے، جبکہ اپیلٹ ٹریبونلز میں 21 ہزار 700 کیسز میں 3330 ارب روپے سے زائد رقم التوا کا شکار ہے۔