عوام عید پر گھر، گلیاں صاف رکھنے کیلئے انتظامیہ سے تعاون کریں: مریم اورنگزیب

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا عید الاضحیٰ پر انتظامات سے متعلق بیان آگیا۔

صوبائی دارالحکومت سے جاری بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ پر صفائی ستھرائی کا نیا ریکارڈ قائم کرنے کا ٹاسک دے دیا۔

اُنہوں نے کہا کہ سپیشل عید گرینڈ آپریشن کلین اپ کی منظوری دی گئی، عوام سے گھر، گلیاں اور بازار صاف رکھنے، ستھرا پنجاب اور انتظامیہ سے تعاون کی اپیل ہے۔

سینئروزیر پنجاب کا کہنا تھا کہ  مریم نواز شریف کی عوام سے اپیل کی ہے کہ پلاسٹک بیگز استعمال نہ کرنے اور آلائشوں کے لیے جاری خصوصی بیگز استعمال کریں، پنجاب بھر میں تمام محکمے ستھرا پنجاب کی مدد سے بڑی عید کے تین دنوں میں صفائی یقینی بنائیں گے، بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات دیے جائیں گے ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز نے مساجد، عید گاہوں کی فول پروف سکیورٹی، صفائی یقینی بنانے اور عرق گلاب کے چھڑکاؤ کی ہدایت کی ہے،گزشتہ عید کی طرح آلائشیں فوری اٹھانے، ٹھکانے لگانے، خصوصی بیگز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

اِسی طرح پنجاب بھر کی انتظامیہ اور پولیس سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے ساتھ ستھرا پنجاب، میونسپل کارپوریشنز اور واسا کی معاونت کریں گی، آلائشیں گلی، محلے، ڈرین اور نہروں میں پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔


اُن کا کہنا تھا کہ کھالیں جمع کرنے کے لئے کیمپ پر لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہے، بس سٹینڈز اور بسوں پر کرایہ نامے نہ لگانے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

سینئرصوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی (واسا) پنجاب کو عید کے دنوں میں پانی کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت کی ہے، ہوائی اڈوں کے قریب کوڑا دانوں کو ڈھانپنے کے حکم پر سخت عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔

علاوہ ازیں مریم اورنگزیب سے مزید کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں عارضی جھولوں پر پابندی لگا دی گئی ہے، پارکوں میں نصب جھولوں کی سکیورٹی اور سیفٹی چیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں