’’ایک دن، ایک تحصیل‘‘ پروگرام:کمشنر کا جڑانوالہ کا دورہ
صفائی کی غیر معیاری صورتحال پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ٹھیکیدار کو جر مانہ
فیصل آباد(نیوز رپورٹر)راجہ جہانگیر انور نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جڑانوالہ میں صفائی کی غیر معیاری صورتحال پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) کے ٹھیکیدار کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ اس سے قبل بھی کنٹریکٹر کو جرمانہ کیا جا چکا ہے ۔ ٹھیکیدار کو کڑی وارننگ جاری کرتے ہوئے صفائی کا اعلیٰ معیار ہر وقت برقرار رکھنے کا حکم دیا۔مریم نواز کے احکامات پر ‘‘ایک دن، ایک تحصیل’’ پروگرام کے تحت کمشنر نے تحصیل جڑانوالہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ، مشینری کی فعالیت چیک، مریضوں کی عیادت اور ادویات کی فراہمی کی تصدیق کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کیلئے اقدامات جاری ہیں۔کمشنر نے سہولت بازار کا دورہ کرکے پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ نرخناموں کی موجودگی چیک کی اور صارفین سے سہولت بازار کے فوائد دریافت کیے ۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ صیام میں صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لیے ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل انتظامیہ پرعزم ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تحصیل جڑانوالہ میں سہولت بازار کے ساتھ مزید ریڑھی بازار بھی قائم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے میونسپل لائبریری کا دورہ کرکے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور اسے کتب بینی کے شوقین افراد کے لیے ایک معیاری تحفہ قرار دیا۔کمشنر نے چک 113 گ ب میںکوڑے کے ڈھیروں کی صفائی مہم کا جائزہ لیا۔