بروقت حاضری ، بہترین ٹرن آؤٹ برقراررکھنے کی ہدایت
ریسکیو سٹیشنز پرگاڑیوں کی صفائی ، آلات دستیابی یقینی بنائی جائے :احتشام واہلہ
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ایمرجنسی آفیسر غلام شبیر سمیت ریسکیو سیفٹی آفیسرز اور سٹیشن کوآرڈینیٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام ریسکیو اسٹیشنز کی مجموعی کارکردگی، صفائی ستھرائی کے معیار اور پیشہ ورانہ نظم و ضبط کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے اس بات پر زور دیا کہ ریسکیو ادارہ عوامی خدمت کا حساس اور ذمہ دار ادارہ ہے لہٰذا ہر اہلکار کا پیشہ ورانہ انداز، بروقت حاضری اور بہترین ٹرن آؤٹ ادارے کی پہچان ہونا چاہیے ۔ اجلاس کے دوران ریسکیو سٹیشنز اور گاڑیوں کی مکمل صفائی کو یقینی بنانے ، آلات کی درست حالت میں دستیابی اور اسٹاف کی ہمہ وقت تیاری کے حوالے سے واضح ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ تمام افسر اپنے اپنے سٹیشنز میں ان اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ ایمرجنسی سروس کی فراہمی کو مزید مؤثر اور معیاری بنایا جا سکے ۔