’’پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ عوام کے زخموں پر نمک پاشی ‘‘
قیمتوں میں اضافہ واپس لیکر عوام کو ریلیف دیاجائے :محبوب الزماں، یاسراقبال کھارا
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنماؤں پروفیسرمحبوب الزماں بٹ،یاسراقبال کھارا،میاں طاہرایوب نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے حکومتی فیصلہ کو مہنگائی کے مارے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری دنیامیں رمضان المبارک کے آغازپر قیمتوں میں کمی کردی جاتی ہے مگر حکومت نے عوام پرپٹرول بم گرادیاہے ،گزشتہ ایک ماہ میں پٹرول کی قیمتوں میں 13روپے تک اضافہ کر دیا گیاہے جس مہنگائی کاطوفان آئے گا۔ رمضان المبارک رحمت، برکت اور آسانی کا مہینہ ہے مگر حکومت نے اس مقدس مہینے کو بھی مہنگائی کے عذاب میں تبدیل کر دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ صرف ایندھن تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کے اثرات براہِ راست اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ کرایوں اور روزمرہ ضروریات کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں عوام پر منتقل ہوتے ہیں۔ پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام کے لیے یہ فیصلہ ناقابلِ قبول ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت لیوی ٹیکس اور ایڈجسٹمنٹ کے نام پر قیمتیں بڑھا کر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے ۔حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل سرنڈر ہو گئی ہے ۔ جماعت اسلامی کے راہنماؤں نے اس ظالمانہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیکر عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے ۔