منصوبوں میں تاخیر ،بلڈرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
مسلسل شکایات مل رہیں،خریداروں کو کرائے ، اضافی اخراجات اور مالی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،صوبائی وزیر بلدیات مقرر وقت پر مکانات اورفلیٹس حوالے نہ کرنے والے بلڈرکا لائسنس معطل،بلیک لسٹ کیا جائے گا،ناصر حسین شاہ
کراچی(اے پی پی)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے )نے شہریوں کے مفادات کے تحفظ اور تعمیراتی شعبے میں شفافیت و نظم و ضبط کو یقینی بنانے کیلئے مقررہ مدت میں منصوبے مکمل نہ کرنے والے بلڈرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے واضح کیا ہے کہ جو بلڈر مقرر وقت پر منصوبہ مکمل کر کے خریداروں کو مکانات/فلیٹس حوالے نہیں کریں گے ، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بلڈرز کا لائسنس معطل کر کے انہیں ڈی لسٹ/بلیک لسٹ کیا جائے گا اور مستقبل میں انہیں کسی نئے منصوبے کی منظوری بھی نہیں دی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کو مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ بعض بلڈرز غیر ضروری تاخیر کے ذریعے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر رہے ہیں، جس کے باعث خریداروں کو کرائے ، اضافی اخراجات اور مالی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی ضروری ہے جو غیر ذمہ داری یا بدنیتی کے باعث منصوبوں کو ادھورا چھوڑ دیتے ہیں اورعوام کے اعتماد کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اس ضمن میں صوبائی وزیر نے آباد پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں موجود ایسے عناصر کے خلاف موثر اقدامات کرے اور قانون پر عملدرآمد میں تعاؤن کرے تاکہ ذمہ دار ڈیولپرز کی حوصلہ افزائی اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی حوصلہ شکنی ہو۔