ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کی تنظیمِ نوکے حوالے سے اہم پیشرفت

ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کی تنظیمِ نوکے حوالے سے اہم پیشرفت

وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس، کمیٹی سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلیکمیٹی خدمات کو ایک چھتری تلے لانے کی سفارشات مرتب کرے ، ضیا الحسن لنجار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ میں ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کی تنظیمِ نو کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ۔ اس ضمن میں اعلی سطح کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کی زیر صدارت ہوا، جس میں صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، مشیر بحالیات گیان چند اسرانی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سیکریٹری بحالیات نے اجلاس کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے طریقہ کار اور مختلف اداروں کے کردار پر بریفنگ دی، جس میں زور دیا گیا کہ کسی بھی ناگہانی آفت کے وقت بروقت ردِعمل ہی قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنا سکتا ہے ۔ وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ہدایت دی کہ کمیٹی موجودہ قانونی اور تنظیمی ڈھانچے کا جامع جائزہ لے اور ریسکیو و ایمرجنسی خدمات کو ایک مربوط اور متحد نظام کے تحت ایک چھتری تلے لانے کے لیے قابلِ عمل سفارشات مرتب کرے ۔ اعلی سطحی کمیٹی ایک ہفتے میں حتمی سفارشات پیش کرے تاکہ عملی اقدامات کا آغاز کیا جا سکے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون میں بہتری اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے بغیر موثر ایمرجنسی رسپانس ممکن نہیں، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ماضی کے سانحات، بالخصوص سانحہ گل پلازہ جیسے افسوسناک واقعات نے اس بات کی نشاندہی کی کہ مربوط اور بااختیار مشترکہ ریسکیو ادارے کا قیام ناگزیر ہے ۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پیش تجاویز کی روشنی میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ہنگامی خدمات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا تاکہ عوام کو محفوظ، موثر ریسکیو سہولیات مل سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں