منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو چکے ، شرجیل میمن
کراچی(آن لائن)سینئر صوبائی وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کے منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو چکے ہیں۔۔۔
ایک بیان میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، انفرااسٹرکچر کی بہتریاور دیگر شعبوں کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں، شہریوں کو جدید اور باوقار سفری سہولتیں فراہم کرنا حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بی آر ٹی یلو لائن منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے ، کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے منصوبے پر بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جبکہ کراچی کی سڑکوں اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے بھی بڑے پیمانے پر کام کیا جا رہا ہے ۔ شرجیل میمن نے کہا کہ صنعتی زونز کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کو بڑھایا جا رہا ہے ۔شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف منصوبوں کا اعلان کرنا نہیں بلکہ ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے ۔