کورنگی ہنگامہ آرائی کیس ، پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت منظور
ملزمان کو 30، 30ہزارروپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم، مدعی اور استغاثہ کو نوٹسعدالت کی تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر کیس فائل کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے کورنگی صنعتی ایریا میں ہنگامہ آرائی اور اقدام قتل کے مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنماؤں عطا اللہ اور سعید آفریدی کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو تیس، تیس ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں کورنگی صنعتی ایریا میں درج مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنماؤں عطا اللہ اور سعید آفریدی کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکیل ایڈووکیٹ شجاعت علی خان نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کو بدنیتی کی بنیاد پر مقدمے میں شامل کیا گیا ۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار مقدمے کا سامنا کرنا چاہتے ہیں لیکن پولیس انہیں تذلیل کا نشانہ بنانے کیلئے گرفتار کرنا چاہتی ہے ۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کو مقدمے کا سامنا کرنے کیلئے ضمانت دی جائے ۔ سیشن عدالت اس سے قبل ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کرچکی ہے ۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما ؤں کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو تیس، تیس ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے مقدمے کے مدعی اور استغاثہ کو 17 مارچ کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر کیس فائل کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت کردی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی۔