ٹھیکریوالا:معمولی رنجش پر فائرنگ، نوجوان زخمی، ملزم فرار
حسان اپنے کزن کے ساتھ جا رہا تھا ،عمران اور یاسر نے فائرنگ کر دی
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا)تھانہ ٹھیکریوالا کے علاقے چک 70 ج ب منصوراں میں معمولی رنجش پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو شدید زخمی کر دیا۔ 18 سالہ حسان ولد عبداللہ اپنے کزن 20 سالہ محمد عمر کے ہمراہ موٹرسائیکل پر ٹھیکریوالا جا رہا تھا کہ جھنگ روڈ پر واقع پمپ کے قریب عقب سے آنے والے 125 موٹرسائیکل سوار ملزمان عمران اور یاسر نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
اس حملے میں حسان سینے پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جبکہ محمد عمر خوش قسمتی سے محفوظ رہا۔ ملزم موقع سے فرار ہو ئے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ ٹھیکریوالا پولیس اور ڈی ایس پی صدر سرکل موقع پر پہنچ گئے ۔ ریسکیو ٹیم نے زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا۔ذرائع کے مطابق حسان اور محمد عمر کی ملزمان سے چند روز قبل معمولی بات پر تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے باعث یہ قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ پولیس نے نامعلوم ملز موں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملز موں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ۔