کمالیہ :اے سی ارم شہزادی کی گندگی کے ڈھیرختم کرنے کی ہدایت
آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کابھی حکم پرائیویٹ بس سٹینڈز کا دورہ ،کرایہ نامہ، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
کمالیہ (نمائندہ دنیا)اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے سیکرٹری یونین کونسلز اور ستھرا پنجاب پروگرام کے افسران کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں شہر اور دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی اور دیگر بلدیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ شہری اور دیہی علاقوں میں گندگی کے ڈھیروں کا فوری خاتمہ یقینی بنایا جائے اور صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔ مانیٹرنگ آفیسرز کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور مسلسل نگرانی کی ہدایت بھی دی گئی۔
مزید برآں، اسسٹنٹ کمشنر نے سیکرٹری یونین کونسلز کو سختی سے ہدایت کی کہ آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ بعد ازاں انہوں نے شہر میں منظور شدہ پرائیویٹ بس سٹینڈز کا دورہ کیا، جہاں مسافروں سے کرایہ نامہ، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مسافروں سے مقررہ کرایہ ہی وصول کیا جائے اور صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے ۔