یوسی 144سید والا میں صفائی کا نظام تباہ ،کوڑے کے ڈھیر

 یوسی 144سید والا میں صفائی کا نظام تباہ ،کوڑے کے ڈھیر

ایک ماہ سے عملہ غائب، شہریوں کی متعدد شکایات کے باوجود کارروائی نہ ہو سکی

 پینسرہ(نمائندہ دنیا )یونین کونسل نمبر 144 کے علاقہ چک نمبر 245 آبادی سید والا میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث گلیوں اور محلوں میں کوڑے کے ڈھیر لگ گئے ہیں، جس سے تعفن پھیل رہا ہے اور شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔مقامی افراد کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے صفائی کا عملہ علاقہ میں نہیں آیا، جبکہ متعدد بار متعلقہ عملہ کو فون کالز کے ذریعے آگاہ کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی کے ذمہ دار سپروائزراسسٹنٹ سپر وائزر اور دیگر عملہ جو مبینہ طور پر سیاسی بنیادوں پر تعینات ہیں، عوامی شکایات سننے کو تیار نہیں۔

جس کے باعث صفائی کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے ۔اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے شروع کی گئی ستھرا پنجاب مہم پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد صوبہ بھر میں یکساں صفائی نظام قائم کرنا ہے مگر زمینی سطح پر اس اثرات نظر نہیں آ رہے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر مسئلہ حل نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں