ماموں کانجن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع
پہلے مرحلے میں مکانوں کے تھڑے مسمار ،گرینڈ آپریشن جلد شروع ہوگا
ماموں کانجن( نمائندہ دنیا )ماموں کانجن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ، پہلے مرحلے میں مکانوں کے آگے کئی کئی فٹ تک بنائے گئے تھڑے ہٹائے جارہے ہیں دوسرے مرحلے میں گرینڈ آپریشن چند روز شروع ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ماموں کانجن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن چک509گ ب سے شروع ہوگیا ہے جو مرحلہ وار دیگر تمام دیہات اور اندرون شہر ہوگا آپریشن کی نگرانی سی او سعدیہ منظور کر رہی ہیں پہلے مرحلے میں بھاری مشینری کی مدد سے گھروں کے آگے گلی بازاروں میں بنائے تھڑے وغیرہ ہٹائے جارہے ہیں جبکہ متعدد لوگوں نے کئی کئی فٹ گلیوں بازاروں کی سرکاری جگہ اپنی کوٹھیوں اور مکانات میں شامل کررکھی ہے۔
جن پر چند روز قبل سی او نے نشانات لگا کر ان لوگوں کو خودبخود تجاوزات ختم کرنے کی وارننگ دی تھی جس پر کسی نے بھی کان نہیں دھرے تو گزشتہ روز آپریشن شروع کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں تھڑے وغیرہ ہٹانا شروع کرد ئیے ہیں جس پر کچھ متاثرین نے کہا کہ سیاسی آپریشن ہورہا ہے جس میں خاص خاص لوگوں کی تجاوزات ہٹائی ہی نہیں جارہیں اس پر چیف آفیسر میڈم سعدیہ منظور نے کہا کہ آپریشن سیاسی نہیں کسی سے بھی رعایت نہیں برتی جائیگی ۔