کمالیہ :ٹریفک میں رکاٹ غیر قانونی سٹاپ ختم کرنیکی ہدایت

کمالیہ :ٹریفک میں رکاٹ غیر قانونی سٹاپ ختم کرنیکی ہدایت

محصولات کی وصولی میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی:اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی

کمالیہ(نامہ نگار ) اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے نمبراداران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ریونیو افسران و اہلکاران کے علاوہ نمبراداران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے نمبراداران سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ محکمانہ وصولیوں کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ محصولات کی بروقت وصولی حکومت کے نظام کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ، لہٰذا اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

بعد ازاں انہوں نے شہر میں ٹریفک مسائل پر قابو پانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری آر ٹی اے محسن ریاض، ٹریفک انچارج اور دیگر متعلقہ افسر وں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ کو مکمل طور پر فعال بنانے اور شہر کے مختلف مقامات پر قائم گاڑیوں کے غیر قانونی سٹاپس کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سٹاپس ٹریفک کی روانی میں خلل اور شہریوں کیلئے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں جن کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔ تمام ٹرانسپورٹرز کو پابند کیا جائے کہ وہ صرف مقررہ بس سٹینڈ سے ہی گاڑیاں چلائیں جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں