ماموں کانجن میں سرکاری سکول میں چوری کی واردات

ماموں کانجن میں سرکاری سکول میں چوری کی واردات

کلاس رومز کے تالے توڑ کر لیپ ٹاپ، ساؤنڈ سسٹم، موٹر پمپ چوری

مامونکانجن (نمائندہ دنیا)تھانہ مامونکانجن کے گاؤں 494 گ ب لال ترہانہ میں قائم گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول میں چوری کی واردات پیش آئی ہے ۔ نامعلوم چور رات کی تاریکی میں سکول کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور ہیڈ مسٹریس کے دفتر اور کلاس رومز کے تالے توڑ کر ایک لیپ ٹاپ، ساؤنڈ سسٹم، موٹر پمپ اور دیگر سامان چوری کر کے فرار ہو گئے ۔سکول انتظامیہ کو واقعے کا علم صبح اس وقت ہوا جب عملہ سکول پہنچا۔ ہیڈ مسٹریس نے تھانہ تھانہ مامونکانجن میں درخواست جمع کرا دی ہے ۔ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی علاقے کے مختلف سکولوں میں چوری کی متعدد وارداتیں ہو چکی ہیں۔

جن میں گورنمنٹ ہائی سکول 497 گ ب گلشیر سے الیکٹرک واٹر پمپ اور گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول 509 گ ب سے کتابوں کے سیٹ، پنکھے ، واٹر کولر اور دیگر سامان کی چوری شامل ہے ۔مزید بتایا گیا ہے کہ چوری شدہ سامان کی برآمدگی نہ ہونے کی صورت میں اکثر مالی نقصان سکول سٹاف کو برداشت کرنا پڑتا ہے ، جبکہ کئی تعلیمی اداروں میں چوکیدار کی عدم موجودگی کے باعث سیکیورٹی صورتحال انتہائی کمزور ہے ۔علاقہ مکینوں اور تعلیمی حلقوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سکولوں کی سکیورٹی کو مؤثر بنایا جائے اور چوری کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں