گوجرہ:مستحق طلبہ میں مفت یونیفارم، جوتے ، کتب کی تقسیم
ایسے اقدامات سے غریب والدین کا بوجھ کم ہوتا ہے : اسسٹنٹ کمشنر محمد ریاض
گوجرہ (نمائندہ دنیا)گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول گوجرہ میں مستحق طلبہ کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب کی صدارت سکول کے پرنسپل منور حسین نے کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے مستحق طلبہ میں مفت یونیفارم، جوتے اور درسی کتب تقسیم کیں۔اپنے خطاب میں اسسٹنٹ کمشنر محمد ریاض گجر نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ تعلیمی ادارہ طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی سماجی و معاشی معاونت کو بھی ترجیح دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے غریب والدین کا بوجھ کم ہوتا ہے اور بچوں میں تعلیم کا رجحان بڑھتا ہے ۔تقریب میں اساتذہ کرام اور بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ پرنسپل منور حسین نے سکول کی کارکردگی اور سہولیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ادارے میں مستحق طلبہ کو مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔