لاٹھیاں والا سے شیخوپورہ تک سڑک خراب ، عوام کو مشکلات
بارشوں کے بعد سڑک پر پانی، گہرے گڑھوں اور کیچڑ سے صورتحال مزید خراب
بلوچنی (نمائندہ دنیا ) چک نمبر 200 رب لاٹھیاں والا سے شیخوپورہ روڈ تک جانے والی مرکزی سڑک نکاسی آب نہ ہونے کے باعث جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگی ہے ، جس سے اہل علاقہ شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔تین کلومیٹر طویل سڑک، جو درجنوں دیہات کو فیصل آباد روڈ سے ملاتی ہے ، عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔ حالیہ بارشوں کے بعد سڑک پر کھڑا پانی، گہرے گڑھے اور کیچڑ نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق گورنمنٹ بوائز ہائی سکول 200 رب کے طلبہ، سرکاری ڈسپنسری اور یونین کونسل دفتر جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ مریضوں کو ہسپتال پہنچانا، طلبہ کا سکول جانا اور روزمرہ سفر انتہائی دشوار ہو چکا ہے۔
اہل علاقہ نے بتایا کہ یہ سڑک مکوآنہ بائی پاس سے فیصل آباد روڈ تک واحد رابطہ راستہ ہے ، جو اس وقت مکمل طور پر جوہڑ میں تبدیل ہو چکی ہے ۔مقامی رہنماؤں میاں بلال (بک ڈپو والے )، حسیب الرحمن چوہدری، طلحہ رشید، ملک محمد ندیم، ملک عابد، میاں شہباز اور دیگر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سمیت متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ سڑک کی فوری ازسرنو تعمیر اور دونوں اطراف نالہ جات کی تعمیر کے ذریعے نکاسی آب کا مستقل حل یقینی بنایا جائے ۔