عوامی منصوبوں کی تکمیل کیلئے محکموں میں مؤثر رابطے کی ہدایت
میونسپل کارپوریشن فیصل آباد اور ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ کو ہدایات دی گئیں
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ عوامی بہبود کے منصوبوں کی شفاف انداز میں تیز رفتار تکمیل اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے متحرک ہے ۔اس سلسلے میں مسرت جبیں کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ترقیاتی منصوبوں اور محکموں کے درمیان باہمی رابطوں کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر نے واسا فیصل آباد، میونسپل کارپوریشن فیصل آباد اور ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ کو مؤثر کوآرڈینیشن یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کارپوریشن سڑکوں کی کولڈ ملنگ شروع کرنے سے قبل واسا کی جاری سکیموں کی تفصیلات حاصل کرے۔
انہوں نے کہا کہ واسا سیوریج لائنوں کی تنصیب مکمل کرکے سڑکوں کو فوری طور پر اصل حالت میں بحال کرے تاکہ کارپٹ تعمیر میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے ۔کمشنر نے ہائی ویز حکام کو بھی شاہراہوں پر تعمیراتی کام شروع کرنے سے قبل واسا سے رابطہ یقینی بنانے کی تاکید کی اور کہا کہ تمام محکمے باہمی تعاون سے اپنے ذمہ ٹاسک جلد مکمل کریں تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔