چنیوٹ : واسا نے خصوصی ڈی سلٹنگ مہم شروع کر دی
جدید ڈیجیٹل مشینری سیوریج لائنوں کی صفائی میں مصروف ہے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)واسا کی جانب سے ضلع چنیوٹ میں سیوریج نظام کی بہتری کے لیے خصوصی ڈی سلٹنگ مہم شروع کر دی گئی ہے ، جس کا مقصد مون سون سیزن سے قبل نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانا ہے ۔یہ مہم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات اور سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نور الامین مینگل کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے ۔ واسا فیصل آباد کی جدید ڈیجیٹل مشینری ضلع چنیوٹ کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں کی صفائی میں مصروف عمل ہے ۔
ایم ڈی واسا ثاقب رضا کی ہدایت پر بھاری مشینری کے ذریعے ڈرینج لائنوں اور روڈ سائیڈ ڈرینز کی ڈی سلٹنگ جاری ہے ۔ حکام کے مطابق اس مہم کے مکمل ہونے سے بارشوں کے دوران پانی کی فوری نکاسی ممکن ہو سکے گی اور شہریوں کو مشکلات سے نجات ملے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ چنیوٹ کے ڈسپوزل اسٹیشنز کے ویٹ ویلز کی صفائی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے ، جو مون سون میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔واسا حکام کے مطابق یہ خصوصی اقدامات نہ صرف شہر بلکہ دیگر اضلاع میں بھی نکاسی آب کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، تاکہ شہریوں کو برسات کے دوران کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔