گرمی میں بھی سوئی گیس کی طویل لوڈشیڈنگ جاری، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا
24 گھنٹوں میں صرف 4سے 5 گھنٹے گیس فراہم کی جاتی ، اس دوران بھی پریشر ناکافی ، کھانا بنانا بھی نا ممکن ،گیس نہ آنے کے باوجود بھاری بل بھی آ رہے ،پریشر کو بہتر کیا جائے :شہری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)موسم تبدیل ہونے اور گرمی میں اضافہ ہونے کے باوجود بھی سوئی گیس کی طویل لوڈشیڈنگ اور بندش کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث شہریوں کے گھریلو معاملات شدید متاثر ہونے لگے ہیں۔ گیس کی عدم فراہمی کے باوجود شہریوں کو ہزاروں روپے کے بھاری بھرکم بلز بھی موصول ہونے لگے ہیں، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔مختلف رہائشی علاقوں میں سوئی گیس کی بندش شہریوں کے لیے وبال جان بن چکی ہے ۔ موسم سرما کے اختتام اور درجہ حرارت میں اضافے کے باوجود گیس لوڈشیڈنگ میں کمی نہ آ سکی، جس کے باعث روزمرہ گھریلو امور کی انجام دہی دشوار ہو گئی ہے۔
ڈی ٹائپ کالونی، ملت کالونی، سمن آباد، نثار کالونی، افغان آباد، رضا آباد، علامہ اقبال کالونی، منصور آباد، مدینہ ٹاؤن، پیپلز کالونی، سرفراز کالونی، گرین ویو کالونی، غلام محمد آباد، گلبرگ، الٰہی آباد، وارث پورہ، عاصم ٹاؤن، کلیم شہید کالونی سمیت مختلف علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں میں صرف چار سے پانچ گھنٹے گیس فراہم کی جاتی ہے ، جبکہ اس دوران بھی گیس پریشر انتہائی کم ہوتا ہے ، جس سے کھانا پکانا ناممکن ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے ایک طرف گیس کی بندش کے باعث بازار سے مہنگا کھانا خریدنا پڑتا ہے جبکہ دوسری جانب گیس نہ آنے کے باوجود بھاری بل بھی آ رہے ہیں ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا گیس کی بلا تعطل اور مکمل پریشر کے ساتھ فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔