اشتہاریوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری، 455 ملزم گرفتار
اے کیٹیگری کے 161 انتہائی مطلوب،جبکہ بی کیٹیگری کے 294 اشتہاری پکڑے گئے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پولیس نے اشتہاری اور عدالتی مفرور ملزمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران گزشتہ ماہ 455 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) تنویر حسین کی ہدایت پر اشتہاری ملز موں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ پولیس نے ماہ مئی کے دوران اے کیٹیگری کے 161 انتہائی مطلوب اور خطرناک جبکہ بی کیٹیگری کے 294 اشتہاری ملز موں کو گرفتار کیا۔پولیس ترجمان کے مطابق اسی عرصے میں 365 عدالتی مفرور بھی قانون کی گرفت میں لائے گئے۔
گرفتار ہونے والے اشتہاری ملزمان میں قتل کے 14، اقدام قتل کے 14 اور ڈکیتی و رابری کے 141 ملزمان بھی شامل ہیں۔سی پی او تنویر حسین نے کہا کہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جدید ٹیکنیکل وسائل کے مؤثر استعمال کے باعث سنگین مقدمات میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور ہر صورت قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔