محرم الحرام کے انتظامات اور امن و امان سے متعلق اجلاس
مجالس،جلوسوں کے پرامن انعقاد،ٹریفک پلان ،باہمی ہم آہنگی سے متعلق امور پر گفتگو
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ایس پی اقبال ڈویژن چوہدری سعید احمد کی ہدایت اور زیر نگرانی سرکل بٹالہ کالونی میں محرم الحرام کے انتظامات اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈی ایس پی سرکل بٹالہ کالونی، ایس ایچ او تھانہ بٹالہ کالونی، ایس ایچ او تھانہ ڈی ٹائپ کالونی، مجالس و جلوسوں کے منتظمین اور امن کمیٹی اقبال ڈویژن کے اراکین نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد، سکیورٹی انتظامات، ٹریفک پلان اور باہمی ہم آہنگی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے مختلف تجاویز پیش کیں اور انتظامات کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔ایس پی اقبال ڈویژن چودھری سعید احمد نے شرکاء پر زور دیا کہ امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان باہمی تعاون کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے تمام متعلقہ ادارے اور منتظمین اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں۔اجلاس کے شرکاء نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی انتظامات کو کامیاب بنانے کے لیے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔چودھری سعید احمد نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور مجالس و جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی پولیس کی اولین ترجیح ہے ، جبکہ کسی بھی شرپسند یا قانون شکن عنصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔