جعلی مصالحہ جات ، کالی مرچ تیار کرنے والا یونٹ سیل
2ملزمان کو موقع سے گرفتار کروا کر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری مصالحہ جات اور جعلی کالی مرچ تیار کرنے والے یونٹ کو سیل کرکے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ واقعہ کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے حکم پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز کی ہدایت پر جانی ٹاؤن ، چک 66 جے بی ڈھانڈرہ میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی مصالحہ جات تیار کرنے والا یونٹ بند کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران دو ملزمان کو موقع سے گرفتار کروا کر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم نے کارروائی کے دوران 6 ہزار کلو سونف، ایک ہزار 75 کلو خشک دھنیا، 400 کلو چونا، دو من مضر صحت کیمیکلز اور ایک من تیار شدہ جعلی کالی مرچ تلف کر دی۔ حکام کے مطابق چونے اور مختلف کیمیکلز کی مدد سے جعلی کالی مرچ تیار کی جا رہی تھی۔تحقیقات کے مطابق اصل کالی مرچ سے مشابہ جعلی کالی مرچ اسٹارچ، چونے اور امونیم بائی کاربونیٹ سمیت دیگر کیمیکلز کے ذریعے تیار کی جا رہی تھی، جبکہ رنگت اور ذائقہ پیدا کرنے کے لیے ناقص رنگوں اور مصنوعی فلیورز کا استعمال کیا جا رہا تھا۔