ٹو بہ : پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ
سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی پر 5 لاکھ 87 ہزار 500 روپے کے جرمانے
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر طارق عثمان کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول، گرانفروشی کے خلاف جاری کارروائیوں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زاہد شریف نے ضلع بھر میں پرائس کنٹرول اقدامات اور فیلڈ سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں شہری اور دیہی علاقوں میں تعینات پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور انہیں مزید متحرک انداز میں فیلڈ میں کام کرنے کی ہدایت کی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماہ مئی کے دوران ضلع بھر میں مجموعی طور پر 58ہزار 136انسپکشنز کی گئیں، جبکہ گرانفروشی اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی پر 5لاکھ 87ہزار 500 روپے جرمانے عائد کیے گئے ۔ مختلف خلاف ورزیوں پر 12 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ روٹی کی مقررہ قیمت اور وزن کی خلاف ورزی پر خصوصی مہم کے دوران ایک لاکھ 29 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔