ماموں کانجن میں صفائی کا نظام درہم برہم، کوڑے کے ڈھیر
محلہ رفیق آباد اور ملحقہ آبادیوں میں ویسٹ مینجمنٹ عملہ کام نہیں کر رہا
ماموں کانجن (نامہ نگار)ماموں کانجن میں بلدیہ اور انتظامیہ کی مبینہ عدم توجہی کے باعث صفائی ستھرائی کا نظام شدید متاثر ہو گیا ہے ۔ محلہ رفیق آباد اور گردونواح میں گلیاں، بازار اور سڑکیں کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کا منظر پیش کر رہی ہیں، جس سے وزیراعلیٰ پنجاب کے ‘‘صاف ستھرا پنجاب’’ ویژن پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق محلہ رفیق آباد اور ملحقہ آبادیوں میں ویسٹ مینجمنٹ سسٹم مؤثر انداز میں کام نہیں کر رہا۔ ویسٹ کنٹینرز بروقت خالی نہ ہونے کے باعث کچرا سڑکوں اور گلیوں میں پھیل چکا ہے ، جبکہ بدبو اور تعفن کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ صفائی عملہ ہفتے میں ایک بار بھی باقاعدگی سے نہیں آتا اور کوڑا اٹھانے والی گاڑیاں بھی شاذ و نادر ہی دکھائی دیتی ہیں۔ ان کے مطابق حکومتی ہدایات کے برعکس روزانہ صفائی اور کچرے کی بروقت تلفی کا نظام نظر نہیں آ رہا۔شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گندگی کے بڑھتے ہوئے ڈھیر ڈینگی مچھر، مکھیوں اور دیگر جراثیم کی افزائش کا سبب بن رہے ہیں، جس کے نتیجے میں بچے ، بزرگ اور دیگر افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔محلہ رفیق آباد کے مکینوں، تاجر برادری اور سماجی کارکنوں نے مریم نواز، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments