حج کا پیغام ایثار، تقویٰ اور خدمتِ انسانیت :محبوب الزماں بٹ
قومی یکجہتی، دیانت دار قیادت اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کوششوں کی ضرورت
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ حج کا اصل پیغام ایثار، تقویٰ، نظم و ضبط اور انسانیت کی خدمت ہے ، جسے انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اپنانے کی ضرورت ہے ۔ حج مسلمانوں کے درمیان اخوت، مساوات اور اتحاد کا عظیم درس دیتا ہے ، جس سے پوری امت مسلمہ کو رہنمائی حاصل کرنی چاہیے ۔وہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد زون پی پی 118 کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر چودھری محمد سلیم، محمد سلیم سرور، ملک معراج الدین اور شیخ ذیشان احمد نے بھی خطاب کیا، جبکہ جماعت کے نئے ارکان نے حلف بھی اٹھایا۔محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ بیت اللہ اور روضئہ رسول ﷺ پر حاضری ان کی زندگی کا ایک یادگار روحانی تجربہ ہے ، جس نے ان کے ایمان، صبر اور خدمتِ خلق کے جذبے کو مزید مضبوط کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سنگین معاشی اور سماجی چیلنجز سے دوچار ہے اور ایسے حالات میں قومی یکجہتی، دیانت دار قیادت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت، دعوتِ دین اور ملک میں عدل و انصاف کے قیام کی جدوجہد کو مزید تیز کریں۔ انہوں نے اپنے قائدین، ساتھی کارکنان، عزیز و اقارب اور دوست احباب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سفرِ حج کے دوران دعاؤں اور نیک تمناؤں کے ذریعے انہیں یاد رکھا۔تقریب کے شرکاء نے پروفیسر محبوب الزماں بٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے حج کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور انہیں دین و ملت کی مزید خدمت کی توفیق دے