بھکاری مافیا بے قابو، اینٹی بیگری مہم غیر مئوثر

بھکاری مافیا بے قابو، اینٹی بیگری مہم غیر مئوثر

ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی جانب سے مؤثر اقدامات نہ ہونے پر شہری حلقوں کی تشویش ،حقیقی مستحق افراد کی حق تلفی ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزارتِ داخلہ کی جانب سے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیوں کے احکامات کے باوجود فیصل آباد میں بھکاری مافیا بدستور سرگرم ہے ۔ شہر بھر کے چوکوں، چوراہوں، بازاروں اور ٹریفک سگنلز پر پیشہ ور بھکاریوں کے گروہ متحرک ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی جانب سے مؤثر اقدامات نہ ہونے پر شہری حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔پیشہ ور بھکاری مختلف حیلوں بہانوں سے شہریوں سے بھیک مانگتے ہیں اور خود کو مستحق ظاہر کرکے رہائشی و کمرشل علاقوں میں بھی سرگرم رہتے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث حقیقی مستحق افراد کی حق تلفی ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی عدم توجہی کے باعث اینٹی بیگری مہم غیر مؤثر ہو چکی ہے ۔ اینٹی بیگری سکواڈ کی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کوئی مستقل اور مؤثر کارروائی نظر نہیں آتی۔ذرائع کے مطابق اینٹی بیگری اسکواڈ کے لیے سرکاری وسائل، گاڑیاں اور ایندھن استعمال کیے جاتے ہیں،

تاہم اس کے باوجود شہر میں بھکاریوں کی تعداد میں کمی نہیں آ رہی۔ شہری حلقوں کا مؤقف ہے کہ گرفتار کیے جانے والے بھکاریوں کی بحالی، ان سے برآمد ہونے والی رقم اور بعد ازاں ان کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے بارے میں بھی واضح معلومات دستیاب نہیں ہیں۔فیصل آباد میں تاحال بیگرز ہوم قائم نہیں کیا جا سکا۔ 2016 میںمنصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) میں شامل کیا گیا تھا، تاہم منظوری نہ ملنے کے باعث اس منصوبے پر عملی پیش رفت نہ ہو سکی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف جامع حکمت عملی اختیار کی جائے ، مؤثر اینٹی بیگری مہم چلائی جائے اور مستحق افراد کی بحالی کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر شہری حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے بھکاریوں کے مزید گروہ سرگرم ہو سکتے ہیں، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو  مؤثر کارروائی کرنا ہوگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں