بجٹ مسترد،عوام مہنگائی ،بیروزگاری کیخلاف باہرنکل آئے

 بجٹ مسترد،عوام مہنگائی ،بیروزگاری کیخلاف باہرنکل آئے

ٹیکسٹائل صنعت کا بحران ، بڑھتی غربت ختم، فوری ریلیف فراہمی کے مطالبات

پینسرہ (نمائندہ دنیا)تحریکِ تحفظِ آئینِ کی کال پر حقوقِ خلق پارٹی اور لیبر قومی موومنٹ کے زیر اہتمام مہنگائی، بے روزگاری، ظالمانہ بجٹ، آئی ایم ایف کی عوام دشمن پالیسیوں اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں محنت کشوں، طلبہ، نوجوانوں، سماجی کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔شرکاء کا کہنا تھا کہ حالیہ وفاقی بجٹ نے پہلے سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔

بجلی، گیس، پٹرول اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔متوسط طبقہ بھی غربت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے ۔پاکستان کا صنعتی مرکز اور ‘‘پاکستان کا مانچسٹر’’ کہلانے والا فیصل آباد شدید صنعتی بحران کا شکار ہے ۔ سپننگ، ڈائنگ، پرنٹنگ، پروسیسنگ اور سائزنگ فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں متعدد فیکٹریوں نے اپنی دوسری شفٹیں بھی ختم کر دی ہیں۔ بیرون ملک سے دھاگے اور کپڑے کی درآمدات میں اضافے پرمقامی صنعت متاثر ہو رہی ہے اور ہزاروں مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں۔

مقررین نے آئی ایم ایف کی شرائط اور حکومتی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے کہا کہ اضافی ٹیکسوں اور قیمتوں میں اضافے کا سارا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے جبکہ مراعات یافتہ طبقہ بدستور سہولتوں سے مستفید ہو رہا ہے ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فوری مؤثر اقدامات کرے ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لائے ، ٹیکسٹائل اور چھوٹی صنعتوں کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کرے ، نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے اور عوام پر ڈالے گئے اضافی مالی بوجھ کو کم کرے ۔اس موقع پر سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں