کمشنر ،آرپی او کاضلع جھنگ میں عشرہ محرم انتظامات کاجائزہ

 کمشنر ،آرپی او کاضلع جھنگ میں عشرہ محرم انتظامات کاجائزہ

جلوسوں ومجالس میں شریک ہونیوالوں کی جامع تلاشی یقینی بنانے کی ہدایت

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)عشرہ محرم کے انتظامات کے سلسلے میں کمشنر مسرت جبیں نے آرپی او سہیل اختر سکھیرا کے ہمراہ ضلع جھنگ کا دورہ کیا اور ڈی سی آفس میں ضلعی امن کمیٹی ارکان سے ملاقات کی۔ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر،ڈی پی او ساجد حسین کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے افسرموجود تھے ۔کمشنر نے کہا امن کمیٹی کے ارکان اور علما محراب منبر سے اتحاد و اتفاق،رواداری،مساوات اور بھائی چارے کا پیغام عام کریں۔ مشترکہ اقدامات سے عشرہ محرم جلوسوں و مجالس کا پرامن انعقاد یقینی بنائیں گے ۔انہوں نے محرم کی آمد سے قبل کئے گئے انتظامی وحفاظتی اقدامات کی جانچ پڑتال کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایات جاری کیں۔

کمشنر نے کہاسکیورٹی کے فول پروف انتظامات میں معمولی سا بھی خلا باقی نہیں رہنا چاہیے ۔ کنٹرول روم یوم عاشور تک 24 گھنٹے فعال اورذمہ دار سٹاف کی موجودگی یقینی بنائیں۔کمشنر،آرپی او،ڈپٹی کمشنر،ڈی پی او نے امن کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ مرکزی جلوسوں کے روٹس کا بھی دورہ کیا اور چھتوں پر سکیورٹی ڈیوٹی یقینی بنانے کی تلقین کی۔انہوں نے کہا جلوسوں ومجالس میں شریک ہونے والوں کی متعلقہ ایس اوپیز کے تحت جامع تلاشی یقینی بنائیں۔تمام سکیورٹی آلات اور واک تھروگیٹس فعال رکھیں۔ انہوں نے سوئی گیس، فیسکو کو تنصیبات کی چیکنگ اور کلیئرنس سرٹیفکیٹ فراہمی کی ہدایت بھی کی۔قبل ازیں کمشنر نے آرپی او کے ہمراہ پولیس لائنز کا دورہ کیا اور یادگار شہدا پر پھول چڑھائے ۔پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں