سکھ میاں بیوی کا قتل، ملزموں کو گرفتار کیا جائے :سردار خلیل طاہر
پاکستان کا امن تباہ کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں ہونی چاہیے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مسلم لیگ (ن) مینارٹیز ونگ پنجاب کے صدر سینیٹر سردار خلیل طاہر سندھو نے مردان کے گوردوارہ میں سکھ میاں بیوی کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے محرکات سامنے لائے جائیں اور ملز موں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ گوردوارہ کے کیئر ٹیکر سکھ میاں بیوی کا قتل انتہائی قابلِ مذمت ہے۔
اقلیتوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے ، جبکہ اس واقعے میں ملوث عناصر قومی مجرم ہیں اور پاکستان کا امن تباہ کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ سکھ میاں بیوی کے قتل میں ملوث ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔