ٹیکسٹائل برآمدات میں 7.13 فیصد اضافہ

ٹیکسٹائل برآمدات میں 7.13 فیصد اضافہ

سب سے زیادہ اضافہ سوت کی برآ مدات میں ہوا ،مئی 2026تک کے 11ماہ کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی مجموعی برآمدات 16.665ارب ڈالر رہیں

فیصل آباد (عاطف صدیق کاہلوں) ماہ مئی 2026 کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں 7.13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں برآمدات 11 کروڑ ڈالر بڑھ کر 1.64 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ مئی 2025 میں یہ حجم 1.53 ارب ڈالر تھا۔پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (PHMA) نارتھ زون کی رپورٹ کے مطابق مئی 2026 میں ٹیکسٹائل کے تمام بڑے شعبوں میں مثبت نمو دیکھنے میں آئی۔ سب سے زیادہ اضافہ سوت (یارن) کی برآمدات میں ہوا، جو 41.24 فیصد بڑھیں۔

ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں پاکستانی سوت کی بڑھتی ہوئی طلب اس کے اعلیٰ معیار کا مظہر ہے ۔رپورٹ کے مطابق تولیوں کی برآمدات میں 13.91 فیصد، ریڈی میڈ گارمنٹس میں 10.67 فیصد، کاٹن کلاتھ میں 7.70 فیصد، بیڈ ویئر میں 5.85 فیصد جبکہ نٹ ویئر کی برآمدات میں 2.02 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ نٹ ویئر بدستور ٹیکسٹائل برآمدات کا سب سے بڑا شعبہ رہا، جس کی مئی میں برآمدات 44.59 کروڑ ڈالر رہیں۔جولائی 2025 سے مئی 2026 تک کے 11 ماہ کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی مجموعی برآمدات 16.665 ارب ڈالر رہیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 1.83 فیصد زیادہ ہیں۔

اس عرصے میں بنائی کی مصنوعات کی برآمدات میں 1.03 فیصد، سوت میں 13.35 فیصد اور ریڈی میڈ گارمنٹس میں 5.43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل کے تمام بڑے شعبوں میں یکساں ترقی حکومت کی برآمدات دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج کی عکاس ہے ، جس سے نہ صرف ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔ پی ایچ ایم اے حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ جون میں بھی یہی رجحان برقرار رہے گا اور رواں مالی سال کے ٹیکسٹائل برآمدی ہدف کے حصول میں مدد ملے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں