جھنگ: نیو سبزی منڈی روڈ فیڈر کی بجلی معطل، پانی کی قلت

جھنگ: نیو سبزی منڈی روڈ فیڈر کی بجلی معطل، پانی کی قلت

کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود واپڈا کا عملہ خرابی کا سراغ نہ لگا سکا، لو گوں کو مشکلات

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)نیو سبزی منڈی روڈ فیڈر کی بجلی 12 گھنٹے سے زائد عرصے سے بند ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بجلی کی طویل بندش سے گھروں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی، جبکہ شدید گرمی کے باعث بچے اور بزرگ بھی پریشان رہے ۔مقامی شہریوں کے مطابق چند منٹ کی بارش کے بعد فیڈر میں فالٹ پیدا ہوا، تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود واپڈا کا عملہ خرابی کا سراغ نہ لگا سکا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بار بار بجلی کی بحالی کی یقین دہانی کرائی جاتی رہی، مگر بجلی بحال نہ ہو سکی۔

شہریوں نے شکایت کی کہ جمعۃ المبارک کے موقع پر پانی نہ ہونے کے باعث وضو اور دیگر ضروریات کی ادائیگی میں بھی دشواری پیش آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ واپڈا کا عملہ مسلسل یہ کہتا رہا کہ \"دس منٹ میں بجلی بحال ہو جائے گی\"، لیکن 12 گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود سپلائی بحال نہ ہو سکی۔واپڈا حکام کے مطابق عملہ فالٹ کی تلاش اور مرمت میں مصروف ہے اور خرابی دور ہوتے ہی بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں