انسدادِ گداگری مہم مؤثر ثابت نہ ہو سکی، شہری پریشان
جڑانوالہ میں پیشہ ور گداگروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)جڑانوالہ میں انسدادِ گداگری مہم مؤثر ثابت نہ ہو سکی، جس کے باعث شہر کے گلی محلوں، بازاروں، چوراہوں اور اہم شاہراہوں پر پیشہ ور گداگروں کی بھرمار برقرار ہے ، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پیشہ ور بھکاری نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کرتے ہیں بلکہ خواتین، بچوں اور راہگیروں کو بار بار روک کر رقم طلب کرتے ہیں، جس سے عوام کو روزمرہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔شہری حلقوں کے مطابق متعلقہ ادارے ، بالخصوص محکمہ سوشل ویلفیئر، گداگری کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں، جس کے باعث شہر میں پیشہ ور گداگروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔اہلِ علاقہ اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ جڑانوالہ میں انسدادِ گداگری مہم کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے ، متعلقہ اداروں کو فعال بنایا جائے اور پیشہ ور گداگروں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ شہریوں کو اس مسئلے سے نجات مل سکے ۔