بچیانہ میں جلدسپورٹس کمپلیکس تعمیرہو گا:سردار خان بہادر
بچوں اور نوجوانوں کو کھیلوں کی تمام جدید سہولیات میسر ہوں گی:خطاب
بچیانہ(نمائندہ دنیا )ممبر صوبائی اسمبلی سردار خان بہادر ڈوگر نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے والے نوجوان ہمارا مستقبل اور فخر ہیں، جبکہ بچیانہ میں جلد جدید سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا، جہاں بچوں اور نوجوانوں کو کھیلوں کی تمام جدید سہولیات میسر ہوں گی۔وہ گزشتہ رات بچیانہ میں فلڈ لائٹ فٹ بال ٹورنامنٹ کے موقع پر بطور مہمانِ خصوصی شائقین اور کھلاڑیوں سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر معروف سیاسی و سماجی رہنما الحاج میاں محمد رفیق طاہر، ملک محمد یوسف، عابد حسین ملک، ثناء اللہ خان نیازی، رانا رفاقت، رانا مبشر جمیل اور دیگر بھی موجود تھے ۔ایم پی اے سردار خان بہادر ڈوگر نے کہا کہ عصرِ حاضر میں موبائل فون اور سوشل میڈیا کے منفی استعمال نے نئی نسل کی فکری اور جسمانی صلاحیتوں کو متاثر کیا ہے ۔ ایسے حالات میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور بچوں کو میدانوں تک لانا ایک عظیم قومی خدمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے والے نوجوان ہمارا اصل اثاثہ، روشن مستقبل اور باعثِ فخر ہیں۔انہوں نے ٹورنامنٹ کمیٹی اورمنتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر قومی سطح کے فلڈ لائٹ فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد نوجوانوں کی قابلِ تحسین کاوش ہے ۔سردار خان بہادر ڈوگر نے اعلان کیا کہ بچیانہ اور گرد و نواح کے نوجوانوں کے لیے جلد جدید سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments