آزاد کشمیر میں ن لیگ کی کامیابی عوامی اعتماد کا مظہر :طلال
نتائج نے ثابت کر دیا مسلم لیگ (ن) بڑی سیاسی جماعت اور وفاق کی علامت ہے
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، رکن قومی اسمبلی بلال بدر چودھری، مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری سعید انور بھولا اور عبدالستار اقبال ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے دوسرے مرحلے کے انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) کلین سویپ کرے گی۔ پہلے مرحلے میں پارٹی کی واضح برتری اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور اس کی عوام دوست پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔انہوں نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح دراصل پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور مؤثر پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ہونے والی ترقی نے اس کے قدرتی حسن کو مزید نکھارا ہے اور عوام نے ووٹ کے ذریعے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔رہنماؤں نے کہا کہ آج کے انتخابی نتائج نے ثابت کر دیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور وفاق کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے ادوار حکومت میں ایسے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، جبکہ حکومت عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments