کارکنوں کو آج وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کی ہدایت
لیوی ٹیکس واپس لینے پر مجبورکردینگے ،پٹرول 225روپے لٹر دیاجائے :بابر رشید
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور ظالمانہ لیوی ٹیکس کیخلاف ملک گیراحتجاج کے سلسلہ میں مین سرگودھاروڈپر دھرنا کے شرکا سے وڈیولنک پر خطاب کرتے مرکزی امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پنجاب بھرکے کارکنوں کو آج بروزاتوارلاہور پہنچنے کی ہدایت کی اوروزیراعلیٰ ہاؤس دھرنا دینے کااعلان کردیا۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں نے صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر بابررشید،ضلعی امیرمحبوب الزماں بٹ،یاسراقبال کھارا،رانا سکندر اعظم، میاں انوار الحق، میاں طاہر ایوب، تاجر رہنما سہیل نیاز طور، اجمل بدر، افضال شاہین، چوہدری سلیم و دیگر کی قیادت میں دھرنادیا اور نمازمغرب روڈپرہی اداکی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے بابر رشیدنے کہا ظالمانہ لیوی بھتہ ٹیکس منظور نہیں،آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیکنے والے تیارہوجائیں، عوامی جذبات کا لاوہ پھٹ رہا ہے ۔عوام اب نظام کو تباہ کرنیوالوں سے حساب لیں گے ۔ اپنے حق کیلئے نکلے عوام حکمرانوں کوظالمانہ لیوی ٹیکس واپس لینے پر مجبورکردینگے ۔پٹرول کی قیمت فوری 225 روپے لٹر پر لائی جائے ۔ حکومت آئی ایم ایف کا دباؤ مسترد کر کے قومی مفاد میں فیصلے کرے اوردو سال کیلئے پٹرول کی قیمت 225 روپے لٹر طے کر دے تو معیشت بہترہوسکتی ہے ۔ حکمران پٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے بھتہ لے رہے ہیں، یہ جگا ٹیکس ختم ہو جائے تو پٹرول کی قیمت دو سو سے بھی کم ہوجائیگی۔ حکمران عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے بجائے اپنی مراعات اور شاہ خرچیاں ختم کریں۔ حکومت فی الفور پٹرولیم لیوی اور آئی پی پیز سے مہنگے معاہدے ختم کرے ، لوڈ شیڈنگ پر قابو پائے ۔ حکومت اشیائے خورونوش کی قیمتیں ایران امریکہ جنگ سے قبل والی صورتحال پر واپس لائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments