وفات پانیوالے پولیس ملازمین کے بچوں میں سکوٹیز، لیپ ٹاپ تقسیم

 وفات پانیوالے پولیس ملازمین کے بچوں میں سکوٹیز، لیپ ٹاپ تقسیم

نجی مارکی میں پروقار تقریب ، ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا نے صدارت کی

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)فیصل آباد میں ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا کی زیر صدارت نجی مارکی میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں دورانِ سروس وفات پانیوالے پولیس ملازمین کے بچوں میں اسکوٹیز، لیپ ٹاپ اور تحائف تقسیم کیے گئے ۔ تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی ظفر اقبال ناگرہ، سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد تنویر حسین، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف، ٹاؤن ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، پولیس افسران و اہلکاروں، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کے معززین نے شرکت کی۔ آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے دورانِ سروس وفات پانے والے پولیس ملازمین کے بچوں میں اسکوٹیز اور لیپ ٹاپ تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فیملیز کو تعلیمی اور سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد بچوں کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ انہیں تعلیمی اداروں تک آمدورفت کے لیے آسان اور محفوظ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس افسران نے امن و امان کے قیام، قانون کی بالادستی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیاں محکمہ پولیس کے لیے ہمیشہ باعث فخر رہیں گی۔ شہداء اور دورانِ سروس وفات پانے والے پولیس ملازمین کے خاندان محکمہ پولیس کے لیے باعث عزت ہیں اور ان کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے ۔ ممبر صوبائی اسمبلی ظفر اقبال ناگرہ نے کہا کہ دورانِ سروس وفات پانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایسے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ تقریب کے شرکاء نے پولیس فیملیز کے بچوں کے لیے تعلیمی و سفری سہولیات کی فراہمی کے اقدام کو سراہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...