سٹریٹ لائٹس خراب شہر کی متعدد سڑکیں، گلیاں شام ڈھلتے ہی اندھیرے میں ڈوبنے لگیں
رات کے وقت شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ، ٹریفک حادثات کا خدشہ بھی بڑھ گیا ،خرابی کی شکایات درج کرانے کے باوجود بروقت درست نہیں کیا جارہا،میونسپل کارپوریشن حکام سے نوٹس کا مطالبہ
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر) شہر کی متعدد سڑکیں اور گلیاں شام ڈھلتے ہی اندھیرے میں ڈوب جاتی ہیں، میونسپل کارپوریشن کی جانب سے سٹریٹ لائٹس کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث بیشتر علاقوں میں لائٹس خراب پڑی ہیں اہم شاہراہوں کے کناروں پر نصب روڈ لائٹس بھی کئی مقامات پر روشن نہیں ہوتیں، جس کے باعث رات کے وقت شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔شہریوں کے مطابق دن کے وقت خراب سٹریٹ لائٹس کا مسئلہ زیادہ محسوس نہیں ہوتا تاہم شام ہوتے ہی صورتحال واضح ہوجاتی ہے ، متعدد گلیوں اور سڑکوں پر اندھیرا چھا جانے سے موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والے افراد کو راستہ دیکھنے میں دشواری پیش آتی ہے۔
خصوصاً خواتین، بزرگوں اور رات گئے کام سے واپس آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے سٹریٹ لائٹس کے پول موجود ہیں لیکن لائٹس عرصہ سے خراب ہیں جبکہ خرابی کی شکایات درج کرانے کے باوجود انہیں بروقت درست نہیں کیا جارہا۔ اندھیری سڑکوں کے باعث رات کے وقت ٹریفک حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ۔شہریوں نے کہا کہ سڑکوں اور دیگر شہری سہولیات کے ساتھ رات کے وقت مناسب روشنی کی فراہمی بھی بنیادی ضرورت ہے ، سٹریٹ لائٹس کے ناقص نظام نے مشکلات میں اضافہ کردیا ۔ انہوں نے کارپوریشن حکام سے مطالبہ کیا کہ شہر بھر میں خراب سٹریٹ لائٹس کا فوری سروے کروا کر انہیں فعال کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments