پٹواریوں کی ہڑتال، ریونیو نظام متاثر، شہری خوار

پٹواریوں کی ہڑتال، ریونیو نظام متاثر، شہری خوار

اراضی ریکارڈ سنٹرز پر بھی غیر معمولی رش ، خدمات کے حصول میں مشکلات

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر)پٹواریوں کی جانب سے مبینہ طور پر جاری غیر اعلانیہ ہڑتال کے باعث ریونیو کا نظام شدید متاثر ہونے لگا، پٹواریوں کے دفاتر میں نہ بیٹھنے سے شہری فرد، انتقال، رجسٹری سے متعلقہ کارروائی اور دیگر ضروری ریونیو امور کیلئے خوار ہونے لگے ، جبکہ اراضی ریکارڈ سنٹرز پر بھی غیر معمولی رش کے باعث شہریوں کو گھنٹوں انتظار کے باوجود خدمات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ ریونیو معاملات میں تعطل کے باعث جائیدادوں کی خرید و فروخت کا عمل بھی بڑی حد تک رک گیا ہے اور روزانہ کروڑوں روپے کے لین دین کے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔

فیصل آباد سمیت مختلف علاقوں میں پٹواریوں کی جانب سے مبینہ طور پر دفاتر میں باقاعدگی سے نہ بیٹھنے اور معمول کے سرکاری امور انجام نہ دینے کے باعث شہریوں کو زمینوں کے ریکارڈ، انتقالات اور دیگر معاملات کیلئے مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹواری دفاتر کے چکر لگانے کے باوجود متعلقہ اہلکار دستیاب نہیں ہوتے ، جس کے باعث معمولی نوعیت کے کام بھی کئی کئی روز تک التوا کا شکار ہو رہے ہیں۔دوسری جانب اراضی ریکارڈ سنٹرز پر بھی شہریوں کا رش بڑھ گیا ہے ۔ فرد کے اجرا، انتقالات اور دیگر اراضی سے متعلق خدمات کیلئے آنے والے سائلین کی بڑی تعداد کے باعث سنٹرز کی استعداد کم پڑ گئی ہے اور شہریوں کو ٹوکن کے حصول، باری آنے اور ریکارڈ سے متعلق کارروائی مکمل ہونے کیلئے طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے ۔

ذرائع کے مطابق ریونیو ریکارڈ سے متعلق کارروائی مکمل نہ ہونے کے باعث جائیدادوں کی خرید و فروخت کے کئی معاملات بھی آگے نہیں بڑھ پا رہے ۔ خریدار اور فروخت کنندگان کے درمیان طے شدہ سودے کاغذی کارروائی مکمل نہ ہونے کی وجہ سے لٹک گئے ہیں، جبکہ پراپرٹی ڈیلرز اور کاروباری افراد بھی صورتحال سے متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ زمینوں کی قیمتوں اور کاروباری معاملات میں مسلسل تبدیلی کے باعث ریونیو دفاتر میں کام نہ ہونے سے انہیں مالی نقصان کا بھی خدشہ ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو شہریوں کے انفرادی معاملات کے ساتھ ساتھ پراپرٹی کے شعبے ، تعمیراتی سرگرمیوں اور دیگر متعلقہ کاروبار پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جبکہ سرکاری ریونیو وصولی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور محکمہ مال کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹواریوں کی مبینہ غیر اعلانیہ ہڑتال اور دفاتر میں عدم موجودگی کا فوری نوٹس لیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...