پارکس میں غیر اخلاقی سرگرمیاں، فیملیز کی آمد متاثر
متعلقہ ادارے غیر اخلاقی سر گر میوں کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات نہیں کر رہے ،سوشل میڈیا پر بھی مسائل کی نشاندہی کی جا رہی ، حکام سے نو تس لینے کا مطالبہ
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) شہریوں کو تفریح اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے قائم پبلک پارکس میں مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں کی شکایات سامنے آنے لگی ہیں، جس کے باعث فیملیز اور بچوں کے ہمراہ تفریح کے لیے آنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پارکوں میں درختوں اور پودوں کی اوٹ میں بعض افراد مبینہ طور پر نازیبا حرکات کرتے ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے ان سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کر رہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث خواتین، بچوں اور فیملیز نے پارکوں کا رخ کرنا کم کر دیا ہے ۔ضلعی انتظامیہ، ہارٹیکلچر ایجنسی فیصل آباد اور ایف ڈی اے کی جانب سے شہریوں کو مفت تفریح اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں پبلک پارکس قائم کیے گئے ہیں، جہاں شہری اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے آتے ہیں اور بچے کھیل کود کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔ تاہم شہریوں کے مطابق باغ جناح، ڈی گراؤنڈ، کلیم شہید پارک اور گٹ والا پارک سمیت مختلف مقامات پر مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پبلک پارکس میں ایسی سرگرمیوں سے خاندانی ماحول متاثر ہو رہا ہے اور والدین بچوں کو پارکوں میں لے جانے سے گریز کرنے لگے ہیں۔ ان کے مطابق اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو شکایات بھی درج کروائی گئی ہیں، جبکہ بعض شہریوں نے سوشل میڈیا پر بھی مسائل کی نشاندہی کی ہے ، تاہم صورتحال میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات دکھائی نہیں دے رہے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ہارٹیکلچر ایجنسی اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پبلک پارکس میں نگرانی کا نظام مؤثر بنایا جائے ، شکایات کا فوری نوٹس لیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ پارکوں کو خواتین، بچوں اور فیملیز کے لیے محفوظ اور پُرسکون تفریحی مقامات بنایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments