ٹوبہ کمیٹی بازار کی بیوٹیفکیشن کا کام نا مکمل، 6 ،ماہ بعد بھی انکوائر ی رپورٹ جاری نہ ہوسکی
منصوبہ مبینہ ناقص میٹریل کے باعث پہلی ہی بارش برداشت نہ کر سکا اور کمیٹی بازار میں جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا،صدر بازار میں بھی تعمیراتی کام پرسوالات، انکوائری رپورٹ اور سفارشات سامنے لانے کامطالبہ
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) شہر کے مرکزی تجارتی مراکز صدر بازار اور کمیٹی بازار کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے شروع کیا گیا بیوٹیفکیشن منصوبہ مبینہ ناقص میٹریل کے باعث پہلی ہی بارش برداشت نہ کر سکا اور کمیٹی بازار میں جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے نوٹس لینے اور اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی قائم کرنے کے باوجود چھ ماہ گزرنے پر بھی رپورٹ منظرعام پر نہ آ سکی، جبکہ متاثرہ تعمیراتی کام بھی تاحال مکمل نہیں کیا جا سکا۔تفصیلات کے مطابق منصوبے کے تحت بازاروں کی سڑکوں، فٹ پاتھوں اور دیگر تعمیراتی کاموں کو جدید طرز پر مکمل کیا جانا تھا، تاہم کمیٹی بازار میں پہلی بارش کے بعد تعمیراتی معیار کی خرابی سامنے آ گئی۔ سڑک اور دیگر حصوں میں ٹوٹ پھوٹ پر شہریوں اور تاجروں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ معاملہ اعلیٰ حکام تک پہنچنے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے انکوائری کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی تاکہ استعمال ہونے والے میٹریل اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے ۔ دوسری جانب صدر بازار میں بھی تعمیراتی کام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کی اطلاعات ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ٹوبہ سے مطالبہ کیا ہے کہ انکوائری رپورٹ اور سفارشات عوام کے سامنے لائی جائیں اور ذمہ دار ٹھیکیداروں و متعلقہ افسروں کا تعین کرکے غفلت ثابت ہونے پر کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments