جنرل ہسپتال سمن آباد میں طبی سہولیات کا فقدان

جنرل ہسپتال سمن آباد میں طبی سہولیات کا فقدان

کئی کلومیٹر دور سے علاج کیلئے آنیوالے مریض مبینہ طور پر ادویات اور ڈاکٹرز کی عدم دستیابی کے باعث طبی سہولیات کے بغیر ہی خالی ہاتھ واپس لوٹنے پر مجبور

فیصل آباد (عبدالباسط سے ) گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد میں علاج معالجے کے لیے آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو درپیش مسائل ختم نہ ہو سکے ،ادویات، دیگر طبی سہولیات اور ڈاکٹروں کی کمی کے باعث ہسپتال مسائل کا گڑھ بن گیا۔ کئی کلومیٹر دور سے سفر کرکے علاج کی غرض سے ہسپتال آنے والے مریض مبینہ طور پر ادویات اور ڈاکٹرز کی عدم دستیابی کے باعث طبی سہولیات حاصل کیے بغیر ہی خالی ہاتھ واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔ مریضوں اور ان کے لواحقین کی جانب سے متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود نہ تو ہسپتال کی صورتحال بہتر ہوسکی اور نہ ہی غفلت کا مظاہرہ کرنے والی انتظامیہ کے خلاف کوئی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جاسکی۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے علاقے سمن آباد میں تقریباً آٹھ سال قبل گورنمنٹ جنرل ہسپتال قائم کیا گیا تھا۔

اس کا مقصد سمن آباد، ڈی ٹائپ کالونی، نثار کالونی، عبداللہ کالونی، جدید کوریاں، عاصم ٹاؤن، علامہ اقبال کالونی اور دیگر ملحقہ علاقوں و دیہات کے مکینوں کو ان کے گھروں کے قریب بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا تھا۔ ہسپتال کے قیام کے ابتدائی عرصے میں ڈاکٹروں، ادویات اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی بہتر انداز میں یقینی بنائی گئی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ادویات اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں کمی آتی گئی، جس کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق موجودہ انتظامیہ کے دور میں مبینہ طور پر ہسپتال کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتی جا رہی ہے ۔ گزشتہ کئی ماہ سے نہ صرف ادویات کی قلت ہے بلکہ دیگر سہولیات کا فقدان اور ڈاکٹروں کی کمی بھی مریضوں کے لیے مشکلات کا سبب بن رہی ہے ۔

مریضوں کا کہنا ہے کہ وہ کئی کلومیٹر کا سفر طے کرکے ہسپتال پہنچتے ہیں اور طویل قطاروں میں انتظار کے بعد جب ڈاکٹر کے پاس ان کی باری آتی ہے تو انہیں صرف طبی نسخہ تھما دیا جاتا ہے ، لیکن اس کے مطابق ادویات ہسپتال کی ڈسپنسری سے نہیں ملتیں اور بازار سے خریدنے کا مشورہ دے کر واپس بھیج دیا جاتا ہے ۔مریضوں اور ان کے لواحقین کی جانب سے ہسپتال میں سہولیات کے فقدان اور انتظامیہ کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کے حوالے سے حکام کو متعدد بار شکایات بھی درج کروائی جا چکی ہیں، تاہم شہریوں کے مطابق حکام کی جانب سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال میں ادویات اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ غفلت اور لاپرواہی کے مرتکب انتظامی اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات میسر آسکیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...