ممنوعہ سٹیرائیڈز کی فروخت اور استعمال جاری، ادارے خاموش
ممنوعہ سٹیرائیڈز کی فروخت اور استعمال جاری، ادارے خاموش میڈیکل سٹورز و جم کلبز میں دستیابی،روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں :شہری
فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے ) ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور محکمہ کھیل کی مبینہ غفلت کے باعث شہر میں ممنوعہ سٹیرائیڈز کی فروخت اور استعمال کا سلسلہ تاحال بند نہیں ہو سکا۔ کھلاڑی اپنی جسمانی کارکردگی بڑھانے جبکہ باڈی بلڈنگ کا شوق رکھنے والے نوجوان وزن میں اضافے اور پٹھوں کو نمایاں کرنے کے لیے ممنوعہ سٹیرائیڈز استعمال کر رہے ہیں۔ اس رجحان کے باعث نوجوان نسل کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو رہے ہیں، تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔تفصیلات کے مطابق کھیلوں میں کامیابی حاصل کرنے اور ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی خواہش میں بعض کھلاڑی ممنوعہ اور نقصان دہ سٹیرائیڈز کا استعمال کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے ۔
ذرائع کے مطابق غیر تربیت یافتہ کوچز اور انسٹرکٹرز کی رہنمائی میں کھلاڑی اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ان ادویات کا سہارا لیتے ہیں۔ فیصل آباد کے مختلف میڈیکل سٹورز پر مبینہ طور پر سٹیرائیڈز ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہیں، جبکہ بعض جم کلبز میں بھی انہیں فوڈ سپلیمنٹس کا نام دے کر فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں ۔ ماہرین کے مطابق غیر ضروری اور غیر محفوظ طریقے سے ان ادویات کا استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے ۔مقامی سطح پر ڈوپ ٹیسٹ کی سہولت نہ ہونے کے باعث ممنوعہ ادویات استعمال کرنے والے کھلاڑیوں کی نشاندہی بھی مشکل ہو جاتی ہے ۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ممنوعہ سٹیرائیڈز کی فروخت اور غیر قانونی استعمال کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، میڈیکل سٹورز اور جم کلبز کی نگرانی کی جائے اور نوجوانوں کو ان ادویات کے ممکنہ نقصانات سے آگاہ کرنے کے لیے بھی مہم چلائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments