مشکوک افراد کو مبینہ نذرانے لیکر چھوڑنے کا انکشاف
ناکہ بندیوں میں ای پولیس ایپ کا استعمال نظرانداز ، دستی چیکنگ سے بے ضابطگیاں بڑھنے لگیں،ایپ کااستعمال یقینی بنایاجائے :شہری
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا، تاوان، بھتہ خوری اور منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث اور مطلوب ملزموں کی گرفتاری اور جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس کی جانب سے ناکہ بندی، اسنیپ چیکنگ اور دیگر کارروائیاں جاری ہیں، تاہم ان کارروائیوں کے دوران مشکوک افراد اور ان کے زیر استعمال گاڑیوں کا ریکارڈ ای پولیس ایپ کے ذریعے چیک کرنے کے بجائے دستی طریقے سے جانچنے کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس طرزِ عمل سے جرائم پیشہ عناصر کو مبینہ طور پر قانونی کارروائی سے بچ نکلنے کا موقع مل رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کی طرح ضلع فیصل آباد میں بھی پولیس سروسز کو بہتر اور شفاف بنانے اور معاشرے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لیے ای پولیس ایپ متعارف کروائی گئی تھی۔
تھانوں کی سطح پر ناکہ بندی، اسنیپ چیکنگ اور دیگر پولیس کارروائیوں کے دوران اہلکاروں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ مشکوک افراد کے شناختی کارڈ نمبرز اور بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے ان کے کوائف چیک کریں۔ ای پولیس ایپ اور بائیومیٹرک ڈیوائس کے ذریعے کسی مشتبہ شخص کا ریکارڈ چیک کرنے پر اگر اس کے کسی مقدمے میں مطلوب یا جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہو تو اسے موقع پر گرفتار کرکے متعلقہ پولیس کے حوالے کیا جا سکتا ہے ،ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بعض پولیس اہلکار ناکہ بندی پوائنٹس اور اسنیپ چیکنگ کے دوران ای پولیس ایپ اور بائیومیٹرک ڈیوائس استعمال کرنے کے بجائے دستی طریقے سے مشکوک افراد اور ان کی گاڑیوں کا ریکارڈ چیک کرتے ہیں۔ اس طرح مبینہ طور پر کسی مقدمے میں مطلوب یا جرائم میں ملوث افراد کی نشاندہی اور ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا عمل متاثر ہو سکتا ہے ۔ یہ الزامات بھی سامنے آتے رہتے ہیں کہ بعض مشتبہ افراد کو مبینہ طور پر نذرانہ وصول کرکے بغیر کارروائی چھوڑ دیا جاتا ہے ، جبکہ بعض معاملات میں کارروائی کی نوعیت یا شدت کم کرکے انہیں ریلیف فراہم کیا جاتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ای پولیس ایپ اور بائیومیٹرک ڈیوائس کے استعمال کو یقینی بنانے سے ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ کے نظام میں شفافیت لائی جا سکتی ہے ۔ پولیس کے اعلیٰ حکام تمام ناکہ بندی پوائنٹس اور دیگر پولیس کارروائیوں کے دوران ای پولیس ایپ کا استعمال یقینی بنائیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments