خصوصی افراد کے 3 فیصد ملازمت کوٹہ پر عملدرآمد کی ہدایت
ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرلبنیٰ صدیق کا تعلیمی اداروں اور شوگر مل کا دورہ
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر فیصل آباد میڈم لبنیٰ صدیق نے جڑانوالہ کے مختلف تعلیمی اداروں اور حسین شوگر مل کا دورہ کرتے ہوئے خصوصی افراد کے لیے مختص 3 فیصد ملازمت کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر فیصل آباد لبنیٰ صدیق نے جڑانوالہ کے مختلف تعلیمی اداروں اور حسین شوگر مل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر طیب بھٹی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جڑانوالہ رائے اسد اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران انہوں نے تعلیمی اداروں کے سربراہان سے ملاقات کرتے ہوئے زور دیا کہ خصوصی افراد کے لیے مختص 3 فیصد ملازمت کوٹہ کے تحت انہیں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ باعزت زندگی گزارنے کے ساتھ معاشی طور پر خودمختار بن سکیں۔میڈم لبنیٰ صدیق نے کہا کہ خصوصی افراد کو ملازمتوں کے بہتر مواقع فراہم کرنا ایک فلاحی اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل کے لیے نہایت ضروری ہے ۔ متعلقہ ادارے اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور خصوصی افراد کو ان کے قانونی حقوق اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق معاشرے کا فعال حصہ بن سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments